بھٹکل 6؍اپریل (ایس او نیوز) سمندر کی گہرائیوں میں قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے خواہمشنداور مہم جوئی میں دلچسپی رکھنے والے حوصلہ مند افراد کے لئے بھٹکل تعلقہ کے سمندر میں نیترانی جزیرے کے پاس اسکوبا ڈائیونگ (سمندری غوطہ خوری) کا سنہر اموقع فراہم کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو سال سے ماہی گیروں اور ضلع انتظامیہ کے بیچ ٹکراؤ کی وجہ سے یہاں پر اسکوبا ڈائیونگ کی سرگرمیوں پر روک لگی ہوئی تھی۔ مگر دسمبر 2016سے ضلع ڈپٹی کمشنر نے اسے دوبارہ جاری کیا ہے۔یہاں سمندر کی تہہ میں قدرت کے بے شمار نمونے ،سمندری نباتات اور رنگ برنگی مچھلیوں کا گو یا خزانہ موجود ہے۔اسکوبا ڈائیونگ کے ذریعے قدرت کی کاریگری سے روبروہونے اور نادر و نایاب قسم کی مچھلیوں سے روبرو ہونے کا موقع حاصل ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے سمندر کی تہہ میں موجود اس بے مثال دنیا کا نظار ہ کرنے اور لطف اٹھانے کے لئے حیدر آباد ، بنگلورو، میسورو، گوا، ممبئی جیسے دوردراز علاقوں سے سیاح بڑی تعداد میں یہاں تے ہیں۔ بیرون ممالک کے سیاحوں کے لئے بھی یہ بڑا پرکشش مقام بن گیا ہے۔
یہاں اسکوبا ڈائیونگ کی سرگرمیاں چلانے کے لئے ضلع انتظامیہ نے ٹینڈر کے ذریعے تین ایجنسیوں کو اجازت نامہ دیا ہے جس میں سے ایک" نیترانی ایڈوینچرس"، دوسری "ڈائیو گوا"اور تیسری ایجنسی کا نام"ویسٹ کوسٹ"ہے۔ہر ایجنسی کے پاس ۸ تا ۹ تربیت یافتہ افراد کی ٹیم موجود ہے۔جنہوں نے کیلی فورنیا امریکہ کے پروفیشنل ایسو سی ایشن آف ڈائیونگ انسپکٹرس نامی ادارے سے ٹریننگ اور سند لی ہوئی ہے۔یہاں پر سرگرم ان تین ایجنسیوں سے ضلع انتظامیہ کو 15لاکھ روپے سالانہ کی آمدنی ہوتی ہے۔ضلع ڈی سی مسٹر ایس ایس نکول کے مطابق اسکوبا ڈائیونگ کی سہولت کی وجہ سے ضلع میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے۔
نیترانی ایڈوینچرس کے منیجر گنیش ہری کنتھ کے مطابق جو لوگ اسکوبا ڈائیونگ میں حصہ لینا چاہتے ہیں انہیں ٹیلی فون یا ویب سائٹ کے ذریعے ایڈوانس بکنگ کرنے کے بعد صبح ۸ بجے مرڈیشور میں واقع ایجنسی کے دفتر میں حاضر ہونا ہے۔ وہاں سے کشتی کے ذریعے سمندر میں نیترانی جزیرے کے قریب لے جایا جاتا ہے ۔ ڈائیونگ کے لئے آکسیجن سلینڈر، جیکیٹ وغیرہ فراہم کیے جاتے ہیں۔اس کا پورا پیکیج 5,500روپے ہے جس میں کشتی کا کرایہ، اسنوکرلنگ اور فوٹو گرافی بھی شامل ہے۔